3

حکومت کو تاجروں کے مسائل اور تکالیف کا اندازہ ہے اور انہیں دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔

Spread the love

ساہیوال صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ حکومت کو تاجروں کے مسائل اور تکالیف کا بخوبی اندازہ ہے اور انہیں دور کرنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے ۔ تاجروں کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے اندر موجود کالی بھیڑوں کی نشاندہی کریں اور عارضی مہنگائی کرنے والوں کا محاسبہ کریں ۔ انہوں نے یہ بات ڈویژنل کریانہ ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں سابق وفاقی وزیر چودھری نوریز شکور، چئرمین پی ایچ اے چودھری علی شکور، صدر ساہیوال چیمبر شیخ فیصل اکرام، اتحاد بین المسلمین کے ڈویژنل جنرل سیکریٹری شیخ اعجاز احمد رضا، شیخ محمد چوہان، ڈویژنل کریانہ ایسوسی ایشن کے چیئر مین حاجی محمد وسیم، صدر شیخ محمد وقاص اور جنرل سیکریٹری ملک محمد اشرف کے علاوہ پورے ڈویژن سے تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ تاجر مہنگائی کو کم کرنے میں حکومت کا ساتھ دیں اور مارکیٹ کمیٹیوں کی طرف سے جاری کردہ ریٹ لسٹوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں جو دوکاندار گاہک کے طلب کرنے پر کبھی نہیں دکھاتا۔ صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ نہ کریں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں ۔ انہوں نے تاجروں کو درپیش مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ڈویژنل کریانہ ایسوسی ایشن کے قیام کو خوش آنند قرار دیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ اعجاز احمد رضا نے کہا کہ تاجر برادری کو ساتھ لئے بغیر معیشت ترقی نہیں کر سکتی۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ تاجروں کو اپنا دست و بازو بنائیں اور ان کے مسائل حل کریں ۔ انھوں نے کشمیریوں کے حقوق کی آواز بلند کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انھوں نے کہا کہ تاجروں کے پاس شٹر پاور ہے لیکن ہم اپنے مسائل کا حل افہام و تفہیم سے چاہتے ہیں ۔ تقریب سے تاجر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور کاروبار میں حائل مشکلات کے حل پر زور دیا ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں