6

ساہیوال ڈویژن میں 461جلوسوں اور 1749مجالس کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات مکمل

Spread the love

ساہیوال (63نیوز ساہیوال)صوبائی وزیر قانون پنجاب و پارلیمانی امور راجہ بشارت نے کہا ہے کہ علماء کرام نے ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی ،مذہبی رواداری اور امن کے قیام میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے ،ملک کی موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کیا جائے اور انتشار پھیلانے والی بیرونی طاقتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے پوری قوم کشمیر ی بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کر رہی ہے اور دنیا کو وہاں ہونے والے ظلم و ستم کا فوری نوٹس لینا چاہیے انہوں نے یہ بات سرکٹ ہاﺅس میں ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلا س کی صدرات کرتے ہوئے کہی جس میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا

اجلاس میں صوبائی وزراءسردار ہاشم ڈوگر،عنصر مجید،آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز ،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے اعجاز طاہر ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم سید علی مرتضی ،کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمن اور آر پی او ہمایوں بشیر تارڑ کے علاوہ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز اور ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی توانا آواز ہیں اور 52سالوں میں پہلی مرتبہ سلامتی کونسل میں کشمیر کا انسانی مسئلہ زیر بحث آیا ہمیں چاہیے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کا بھر پور ساتھ دیں انہوں نے علماءسمیت معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے روز کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں تا کہ دنیا کو پیغام جائے کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں صوبائی وزیر قانون رانا بشارت نے ساہیوال ڈویژن میں امن و امان کی مثالی فضا کو سراہا اور اسے علماءکرام کی جدوجہد کا ثمر قرار دیا انہوں نے زور دیا کہ ملک میں انتشار پیدا کرنے والی قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے اس موقع پر ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ،سید زاہد گیلانی،پیر سید اعجاز حسین شاہ ،مولانا حسن معصومی ،شیخ اعجاز اور حاجی احسان الحق فریدی نے اپنے خطاب میں یقین دلایا کہ تمام مکاتب فکر کے علماءاتحاد بین المسلمین کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے اور ملک دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنانے کے لئے انتظامیہ سے بھر پور تعاون کریں گے اس سے پہلے کمشنر ندیم الرحمن اور آر پی او ہمایو ں بشیر تارڑ نے اپنی بریفنگ میں محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں 461جلوسوں اور 1749مجالس کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظاما ت مکمل کر لئے گئے ہیں جس کے لئے منتظمین سے مشاورت کا عمل بھی کیا جا چکا ہے صوبائی وزیر قانون نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ عرس بابا فرید کے موقع پر پاکپتن میں بھی موٹرسائیکل ایمبولینس کو تعینات کیا جائے اور ذوالجناح کے تمام جلوسوں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کو بھی یقینی بنایا جائے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں