3

درخت کسی بھی ملک کا قابل قدر اور قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں .ڈپٹی کمشنر ساہیوال

Spread the love

ساہیوال (63نیوز ساہیوال)ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ درخت کسی بھی ملک کا قابل قدر اور قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں جو معاشی اور ماحولیاتی حالت کو بدلنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پلانٹ فور پاکستان مہم کے افتتاح کی مناسبت سے منعقد ہ تقریب بمقام ڈپٹی کمشنر آفس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ، اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر کے علاوہ سول سوسائٹی،میڈیا نمائندگان کے علاوہ شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔انہوں نے کہا کہ قدرتی ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے کسی ملک کے کم از کم 25 فیصد جنگلات از حد ضروری ہوتے ہیں لیکن وطن عزیز میں مسلسل کٹائی اور مناسب منصوبہ بندی کے فقدان کی وجہ سے جنگلات 4 فیصد کی خطرناک ترین حد تک پہنچ چکے ہیں جس کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ ساتھ گرمی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ایسا کوئی درخت پیدا نہیں کیا جو آکسیجن خارج اور کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب نہ کرتا ہو لیکن پھر بھی ایک ہی قسم کے پودوں کی بجائے مختلف مختلف اقسام کے پودے لگائے جائیں اور اس سلسلے میں روائتی پودوں کو ترجیح دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن کو” پلانٹ فار پاکستان ” کے طور پر منایا جا رہا ہے جس کی کامیابی وسیع پیمانے پر شجر کاری میں ہی مضمر ہے ۔ملک کے ہر شہری کو چاہیے کہ وہ وطن ، والدین ،اساتذہ ، اولاد اور اپنے پیاروں کے نام پر کم از کم ایک پودا ضرور لگائے تا کہ گرمی کی شدت ، آبی قلت اور آلودگی سے نجات حاصل کرنے میں مدد مل سکے ۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا کہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے ساری دنیا پریشان ہے کیونکہ اس کی وجہ سے ماحول کی فطری شکل ہی تبدیل ہو رہی ہے اور اگر اس پر قابو پانے کیلئے جامع اقدامات نہ اٹھائے گئے تو آنیوالی نسلوں کی بقا خطرے میں پڑ جائے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ مختلف اداروں سمیت غیر سرکاری تنظیموں کو بھی پودے مہیا کیے جا رہے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان نے افسران و میڈیا نمائندوں کے ساتھ مل کر اپنے حصے کا ایک ایک پودا لگایا اور اس مہم میں شامل ہونے پر میڈیا نمائندگان کی کاوشوں کو سراہا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں