4

ڈپٹی کمشنر ساہیوال کا عید الضحی کے موقع پر صفائی کی صورتحال پر شہر کا تفصیلی دورہ

Spread the love

ساہیوال(63ذنیوز ساہیوال) عید الضحی کے موقع پر صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر محمد زماں وٹو کا شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ ۔ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے کام کی نگرانی کی اور عملے کے کام کو چیک کیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد زماں وٹو نے صفائی کا جائزہ لینے کے لئے شہر کا تفصیلی دورہ کیا جس دوران وہ کوٹ خادم علی، ہائی سٹریٹ، دیپال پور بازار، مزدور پلی اور جھال روڈ گئے اور میونسپل کارپوریشن کے عملے کے کام کو چیک کیا ۔ انھوں نے صفائی کے عمومی معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور عملے کی فرض شناسی کی تعریف کی تاہم ھدایت کی کی شہر کی مکمل صفائی تک دلجمعی سے کام جاری رکھا جائے ۔ انھوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے جسے پورا کیا جائے گا۔ بعد میں انہوں نے یوسف والا،کول پاور پلانٹ، قادر آباد اور ملحقہ دیہات کا بھی دورہ کیا اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ قادر آباد اڈا پر لوگ ڈپٹی کمشنر کو صفائی کے کام کی نگرانی کرتے دیکھ کر بڑی تعداد میں جمع ہو گئے اور اپنی خوشی کا اظہار کیا ۔ انھوں نے کہا کہ پہلی بار ضلعی انتظامیہ نے دیہات میں بھی صفائی کی طرف توجہ دی ہے جس پر ڈپٹی کمشنر محمد زماں وٹو جیسے عوام دوست افسر مبارک باد کے مستحق ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں