9

شہید کی موت قوم کی حیات ہے ، یوم شہداءپنجاب پولیس کے بہادر شہداءسے تجدید عہد کا دن ہے

Spread the love

ساہیوال (63نیوز ساہیوال)صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہے ، یوم شہداءپنجاب پولیس کے بہادر شہداءسے تجدید عہد کا دن ہے ،آج ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ جیسے بھی حالات ہوں ہمیں اپنے وطن کی حفاظت کے لئے ہر حال میں اپنا فرض نبھانا ہے -یہ دلیر جوان اور افسر راہ حق کے شہیدہیں جو خراج عقیدت کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنی لازوال قربانی سے عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا اور اپنے حلف کی پاسداری کی -ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے شہداءکے ورثاءکے اعزاز میں منعقد ہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا جس میں تحریک انصاف کے سینئر رہنما رائے حسن نواز ،ایم این ا ے رائے مرتضی اقبال،کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمن ،آر پی او ہمایوں بشیر تارڑ،بریگیڈیئر محمد زاہد ،ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو ،ڈی پی او کپیٹن (ر) محمد علی ضیاء،وکلائ،صحافیوں ،سول سوسائٹی کے علاوہ شہداءکے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی -انہوں نے کہا کہ معاشرے کو بے شمار اندورنی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے جس کا مقابلہ پولیس اور معاشرے نے مل کر کرنا ہے-انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم بحیثیت باشعور قوم شہدا ءپولیس کے خاندانوں کے ہر فرد کو یاد رکھیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں -کمشنر ندیم الرحمن نے شہداءکی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ لواحقین کی کفالت معاشرے پر قرض ہے جنہوں نے معاشرے کو تحفظ اور عوام کو ذہنی سکون دینے کے لئے قربانی دی -انہوںنے مزید کہا کہ پولیس کے جوانوں کا مورال بلند رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ معاشرہ ان کو عزت دے تا کہ بدلے میں وہ آپ کی جان و مال کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہ کریں -ریجنل پولیس آفیسرہمایوں بشیر تارڑنے کہا کہ ساہیوال ڈویژن میں امن و امان کا قیام ہمارا مشن ہے جسے پولیس کے ہر افسر اور جوان نے اپنی آخری سانسوں تک ایمانداری اور بہادری سے جاری رکھنا ہے -انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کے 1462شہداءکی قربانیاں اس امر کی غماض ہیں کہ پولیس فورس نے صوبے میں عوام کو تحفظ کا احساس دلانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور آگے بڑھ کر سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کی -انہو ںنے بتایا کہ ضلع ساہیوال سے24پولیس افسران و اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے جن کے لواحقین کی کفالت پولیس کی ذمہ داری ہے -انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کے پرچم کے دو رنگ نیلا رنگ امن آشتی کا ہے اور سرخ رنگ ان شہیدوں کے لہو کا رنگ ہے جسے وہ اپنے ملک کی حفاظت کے لئے جان کی پرواہ کئے بغیر ہر وقت دینے کو تیار رہتے ہیں – ہماری نسلیں ان شہداءکی احسان مند رہیں گی جنہوں نے ملک و ملت میں امن و امان کی خطرہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا – تقریب کے اختتام پر ضلع ساہیوال کے تمام پولیس شہداءکے لواحقین کو پھول اور تحائف بھی پیش کئے گئے-اس سے پہلے مہمان خصوصی صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال ،کمشنر ندیم الرحمن اور آر پی او ہمایوں بشیر تارڑ نے یاد گار شہداءپر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی -شہداءکے لواحقین اور ورثا کے پنڈال میں داخل ہونے پر تمام شرکاءنے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا جنہیں خصوصی پروٹوکول کے تحت بسوں میں تقریب میں شرکت کے لئے لایا گیا تھا –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں