20

زرعی انکم ٹیکس کم وصولی پر اظہار ناراضگی,تمام ریونیو افسران کو30جون تک سو فیصد ریکوری کی ہدایت

Spread the love

ساہیوال ( 63نیوز ساہیوال) ڈپٹی کمشنر محمد زماں وٹو نے زرعی انکم ٹیکس کی کم وصولی پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے تمام ریونیو افسران کو ہدایت کی ہے کہ30جون تک سو فی صد ریکوری یقینی بنائی جائے ،اے ڈی سی ریونیو ساہیوال روزانہ کارکردگی کی مانیٹرنگ کریں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت- تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلع ساہیوال سے زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر محمد زماں وٹو نے کی -اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد نواز گوندل ،اسسٹنٹ کمشنرز محمد سیف اور محمد عابد اور ضلع ساہیوال کے تمام ریونیو افسرا ن نے شرکت کی – ڈپٹی کمشنر محمد زماں وٹو نے ہر افسر کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیا اورانتہائی کم ٹیکس ریکوری پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے تمام ریونیو افسران کو فوری فیلڈ میں جانے کی ہدایت کی- انہوں نے ناقص کارکردگی پر تحصیل چیچہ وطنی کے 3 نمبرداروں عاصم علی خان چک نمبر 26/11L، میاں غلام سرور اعوان 8/11L اور اظہر بیدار خان چک نمبر 169/9L کو فوری معطل کرنے کے احکامات جاری کیے -اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع ساہیوال سے اب تک زرعی انکم ٹیکس کی وصولی28لاکھ 16ہزار روپے رہی جو کل رقم کا 2فیصد سے بھی کم ہے – ڈپٹی کمشنر نے ریونیو افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ جو زمیندارٹیکس نہیں دے رہا خواہ وہ کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہو اسے گرفتار کر کے ٹیکس وصول کیا جائے -انہوں نے تمام ریونیو افسران کی کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرنے اور بروز ہفتہ 8جون کو دوبارہ جائزہ اجلاس بلانے کی ہدایت کی –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں