19

ساہیوال۔کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی کا دورہ چیچہ وطنی۔

ساہیوال (مہر ریاض احمد سے)
کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی کا دورہ چیچہ وطنی،تحصیل ہسپتال، لینڈ ریکارڈ سینٹر، ڈویژنل پبلک سکول، کو رونا ویکسینیشن سنٹر اور دیہی مرکز مال کا تفصیلی دورہ۔ ہسپتال میں مریضو ں سے بات چیت اور دستیاب سہولیات کے بارے میں استفسار۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر علی بہادر قاضی نے چیچہ وطنی کا تفصیلی دورہ کیا۔اے سی چیچہ وطنی رانا شاہد ندیم بھی انکے ہمراہ تھے۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں مریضوں کی عیادت کی اور انہیں میسر سہولیات بارے پوچھا۔چندمریضوں نے شکایت کی کہ وہ کئی گھنٹوں سے پرچی بنوانے کا انتظار کر رہے ہیں جس پر کمشنر نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ وہ معاملات کو بہتر کریں اور مریضوں کو انتظار سے بچانے کے لئے قابل عمل لائحہ عمل تیار کریں۔ انہوں نے ہسپتال کی صفائی کو بھی بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومت مریضوں کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اربوں روپے خرچ کر رہی ہے اور انہیں اس کے ثمرات بھی ملنے چاہیں۔ بعدازاں کمشنر علی بہادر قاضی اراضی ریکارڈ سینٹر گئے اور وہاں کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سائلین سے پیسے لئے جانے کے بارے میں پوچھا جس پر سائلین نے کہا کہ ان سے کسی نے پیسے نہیں مانگے لیکن انہیں طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ کمشنر نے متعلقہ حکام کو کمپیوٹر پر انٹری کے عمل کو بہتر بنانے کی ہدایت کی اور اے سی چیچہ وطنی کو مسلسل مانیٹرنگ کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی سہولت کے لئے حکومت دیہی مراکز مال قائم کر رہی ہے جس سے تحصیل سطح پر قائم مراکز پر رش کم ہو گا اور عوام کو ریلیف ملے گا۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے ڈی پی ایس چیچہ وطنی میں زیر تعمیر گرلز بلاک کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ ترقیاتی کام کو تیزی سے مکمل کیا جائے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر حبیب جیلانی وینس نے بتایا کہ گرلز سیکشن کی تعمیر دسمبر تک مکمل کرلی جائے گی جس سے سکول کے گرلز سیکشن میں کلاس رومز کی کمی دور ہو گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ منصوبے پر کام کے معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔کمشنر علی بہادر قاضی نے چیچہ وطنی فاریسٹ میں موسم خزاں کی شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگایا اور ڈی ایف او چیچہ وطنی سے اب تک کی گئی شجرکاری بارے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لگائے گئے پودوں کی حفاظت اور آب پاری کا بھی مکمل بندوبست کیا جائے۔ انہوں نے چیچہ وطنی میں قائم کورونا ویکسینیشن سینٹر کا بھی دورہ کیا اور عوام کو ویکسین لگانے کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگوانے کے لئے دیہی سطح پر آگہی مہم چلائی جائے جس کے لئے نمبر داروں اور محکمہ ریونیو کے عملے کا بھی تعاون حاصل کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں