44

ساہیوال۔5 اگست”یوم استحصال کشمیر” کشمیری بھائیوں کی آواز بننے کا دن ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر لبنیٰ جبار

ساہیوال( مہر ریاض احمد سے )
5 اگست”یوم استحصال کشمیر” کشمیری بھائیوں کی آواز بننے کا دن ہے۔آج پوری قوم متحد ہو کر بھارتی جبرواستحصال کے خلاف کشمیری بھائیوں کی لہو رنگ جدوجہد کو سلام پیش کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضلع ساہیوال ڈاکٹر لبنیٰ جبار نے کشمیری بھائیوں پر انسانیت سوز مظالم پر عالمی بے حسی پر احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک تحصیل چیچہ وطنی ڈاکٹر رفاقت علی ،چیچہ وطنی کے تمام ویٹرنری آفیسرز اور جملہ سٹاف بھی ان کے ہمراہ تھے۔محکمہ لائیو سٹاک کے افسران و سٹاف کی جانب سے مظلوم کشمیری بھائیوں کا ہاتھ تھامنے اور اظہارِ یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور “کشمیر بنے گا پاکستان” کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک کا کہنا تھا کہ بھارت بینائی تو چھین سکتا ہے مگر خواب نہیں، بھارت کشمیریوں کو جَبر کا نشانہ تو بنا سکتا ہے لیکن جذبہ آزادی کو مات نہیں دے سکتا۔کشمیری تنگ آچکے ہیں اور دُنیا کی توجہ کے منتظر ہیں۔انہوں نےمزید کہا کہ ہم حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بھارت نے کشمیریوں کا جھنڈا چھینا اور ان کا تشخص مٹانے کی کوشش کی تاہم پاکستان کشمیریوں کے ساتھ پہلے بھی کھڑا تھا اور آج بھی کھڑا ہے۔کیونکہ پاکستانی قوم کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ سمجھتی ہے اور یہ اس کی بقاء کی ضامن ہے۔ لہٰذا کشمیر کی مکمل آزادی و خود مختاری تک جدو جہد آزادی کی شمع جلتی رہے گی۔ اور اس سفر میں ہر پاکستانی بالخصوص محکمہ لائیو سٹاک کا ہر فرد اپنے حصے کا چراغ روشن کرتا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں