53

صحافیوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد (شاہدمحمود) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ایف یو جے ورکرز اور آر آئی یو جے ورکرز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا. پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے صدر پرویز شوکت کی قیادت میں آر آئی یو جے ورکرز نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے ملاقات کی. ملاقات میں آر آئی یو جے ورکرز کے صدر یاسر شیخ، جنرل سیکرٹری عاطف شیرازی، سینئر جوائنٹ سیکرٹری ثاقب سلیم قریشی، جوائنٹ سیکرٹری وہاب علوی، کوآرڈینیٹر احمد فراز، ممبر ایگزیکٹو باڈی میاں سمیع، شاہ رخ شفیع، محمد معین خان، نعمان سلہری اور عبید ابرار خان شامل تھے. پرویز شوکت نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی حالت زار، میڈیا ہاؤسز میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی، چھانٹیوں سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا.

اس موقعے پر صدر پی ایف یو جے ورکرز کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیمرا کو ان میڈیا ہاؤسز کے خلاف کارروائی کرنے کا اختیار پیمرا ترمیمی بل میں پیمرا کو دینے کا فیصلہ کیا تھا جو اپنے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کرتے. پی ایف یو جے ورکرز اور اس سے ملحقہ تنظیموں نے گہری تشویش کا اظہار کیا کہ سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ طور پر اس بل کو مسترد کردیا. انہوں نے مطالبہ کیا حکومت اس ترمیمی بل کو دوبارہ سینیٹ میں لائے اور بل کو منظور کیا جائے تاکہ تنخواہوں کی ادائیگی کا میکنزم بن سکے. انہوں نے کہا کہ یہ تمام صورتحال وزیراعظم عمران خان کے نوٹس میں لانا ضروری ہے کہ اپوزیشن صحافیوں کے حقوق کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہی ہے. وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے یقین دہانی کرائی کہ آپ کے مطالبات وزیراعظم عمران خان کے نوٹس میں لائے جائیں گے اور میں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز سے بھی بات کروں گا کہ وہ آپ کے مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل بنائیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں