35

حکومت مزارات اولیاء اللہ کو دینی درسگاہ کے طور پر استعمال کرے، سجادہ نشین بری امام سرکار

اسلام آباد(شاہدمحمود)سجادہ نشین مزار حضرت بری امام سرکار و جانشین دربار رتے ہوتر شریف پیر سید حیدر گیلانی و صدر قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی پیر سید محمد علی گیلانی نے کہا ہے کہ خانقاہی نظام نرمی سے بات کرنے کا درس دیتا ہے، مزارات اولیاء اللہ واحد پلیٹ فارم ہے جہاں کسی کے داخلے پر پابندی نہیں ہے لہذاٰ حکومت مزارات اولیاء اللہ کو دینی درسگاہ کے طور پر استعمال کرے، ہم نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو بھی اس حوالے سے خط لکھا ہے جس پر انہوں نے سیکرٹری وزارت مذہبی امور سے تجاویز مانگی ہیں، پیر ہائوس بری امام سرکار میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے سجادہ نشین مزار حضرت بری امام سرکار و دربار عالیہ رتے ہوتر شریف پیر سید حیدر علی گیلانی صاحب اور پیر سید محمد علی گیلانی کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کو مزارات اولیاء اللہ کو دینی درسگاہ کے طور پر استعمال کرنے کی با ضابطہ تجویز پیش کی ہے۔خانقاہی نظام نرمی سے بات کرنے کا درس دیتا ہے، مزارات اولیاء اللہ واحد پلیٹ فارم ہے جہاں کسی کے داخلے پر پابندی نہیں ہے۔ چھبیس فروری کو مزار حضرت بری امام میں ایک عظیم الشان محفل میلاد النبیؐ کا اہتمام کیا ہے مگر ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے پروگرام کی اجازت یہ کہہ کر دینے سے انکار کر دیا ہے کہ اس پر چند بااثر افراد کا دبائو ہے کہ اگر یہ محفل ہوئی تو گولیاں چل جائیں گی اور محفل پاک کی اجازت دینے کی صورت میں مجھے بھی نقصان پہنچانے کی دھمکیاں مل رہی ہیں، پیر صاحب نے سوال کیا کہ اگر ڈی سی اسلام آباد اپنی جان کی حفاظت نہیں کر سکتا تو وہ باقی عوام کی کیسے تحفظ فراہم کر سکے گا؟ فوج کا نام غلط اسعمال کیا جارہا ہے لہذاٰ ادارے اس بات کا پتہ چلائیں کہ وہ کون شخص ہے جو اپنے آپ کو قانون سے بالا تر سمجھتا ہے۔ پیر صاحب نے وزیراعظم، آرمی چیف، چیف جسٹس و دیگرمتعلقہ اداروں سے اس معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم فساد کیخلاف ہیں ہم نہیں چاہتے کہ راستے بند ہوں اور لوگوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑے انہوں نے کہا کہ ہم ہر حال میں چھبیس فروری کو مزار حضرت بری امام پر محفل میلاد النبیٰؐ کا انعقاد کرینگے کیونکہ ہمارا کام دین کا کام کرنا ہے ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔ امید ہے کہ ادارے اس نیک کام میں ہمارے ساتھ تعاون کرینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں