53

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے منسوخ ہونے پرمحمد عامر بڑی آزمائش سے محروم

Spread the love

لندن(نیوز ڈیسک ) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے بارش کی نذر ہونے کے باعث محمد عامر بڑی آزمائش سے محروم ہو گئے ،بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر کو میدان میں اترنے کا موقع بھی نہیں مل سکا،ورلڈ کپ سکواڈ میں جگہ بنانے کیلئے کوشاں پلیئر کو دورے میں صرف ایک چانس ہی مل سکا ہے جب انہوں نے نارتھمپٹن شائر کیخلاف پچاس اوور ز کے میچ میں 45 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی تھی۔چیمپئنز ٹرافی فائنل کے بعد 14ون ڈے میچز میں صرف 5وکٹیں حاصل کرنے والے پیسر کو ورلڈکپ اسکواڈ کے بجائے انگلینڈ سے ون ڈے سیریز میں صلاحیتیں ثابت کرنے کا ایک اور موقع فراہم کیا گیا۔گزشتہ روز پہلے ون ڈے کی ٹیم میں بھی وہ شامل تھے، پاکستانی بولنگ لائن اپ میں حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کی پوزیشن تو مستحکم ہے
البتہ عامر انگلینڈ کیخلاف چیمپئنز ٹرافی فائنل کی کارکردگی دہرانے میں کامیاب ہوئے تو جنید خان اور محمد حسنین کی جگہ خطرے میں پڑے گی۔نوجوان پیسر کا پی ایس ایل کے سوا کوئی تجربہ نہیں لیکن وہ پاکستان ٹیم میں ایک عرصے سے محسوس کی جانیوالی سپیڈ سٹار کی کمی پوری کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،امکان یہی ہے کہ محمد عامر کی واپسی ہوئی تو جنید کی چھٹی ہوگی۔اوول میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کپتان سرفراز نے کہاکہ محمد عامر کو بھرپور موقع دیا جائے گا، ورلڈکپ سکواڈ میں تبدیلیوں کیلئے 23مئی تک کا وقت باقی ہے،اس سے قبل سینئر پیسر اپنی صلاحیتیں ثابت کرتے ہوئے جگہ بنا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر کیلئے یہ پہلا موقع ہے جب وہ عالمی کپ میں کھیل سکتے ہیں کیونکہ سپاٹ فکسنگ کیس میں 5 سالہ پابندی کے باعث وہ2011ءاور2015 ءمیں میگا ایونٹ سے محروم رہے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں