93

ساہیوال۔مکئی کی نئی فصل کی کاشت کے لئے کسانوں کو معیاری بیج کی دستیابی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ غیر معیاری بیج کی فروخت اور ناجائز منافع خوری میں ملوث ڈیلروں کے خلاف سخت انتظامی کارروائی کی جائے گی،کمشر نادر چٹھہ

ساہیوال (مہر ریاض احمد سے)کمشنر ساہیوال ڈویژن نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ مکئی کی نئی فصل کی کاشت کے لئے کسانوں کو معیاری بیج کی دستیابی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ غیر معیاری بیج کی فروخت اور ناجائز منافع خوری میں ملوث ڈیلروں کے خلاف سخت انتظامی کارروائی کی جائے گی،نہروں کی سالانہ وارہ بندی کے دوران بھل صفائی کو یقینی بنانے اور موگوں کی مرمت کے لئے دیہات کی سطح پر نمبرداروں کی سربراہی میں مانیٹرنگ کمیٹیاں بنائی جا رہی ہیں جس سے نہری نظام کی بہتر صفائی ممکن ہو گی -انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ڈویژنل ایگریکلچرایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں کسان تنظیموں کے نمائندوں چوہدری محمد فاروق،کیپٹن (ر) محمد حسین اور غلام مصطفی وٹو کے علاوہ ڈپٹی کمشنر پاکپتن احمد کمال مان،اے ڈی سی ریونیو ساہیوال اور اوکاڑہ اویس مشتاق اور صبا اصغر، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین،ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر غلام مصطفی، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رانا حبیب الرحمن اور ایکسین اریگیشن فیصل رشید نے بھی شرکت کی -کمشنر نادر چٹھہ نے غلہ منڈی ساہیوال میں الیکٹرانک کنڈا 15فروری اور ڈویژن کے باقی تمام منڈیوں میں 31مارچ تک لگانے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ کم تول سے کسانوں کو معاشی نقصان پہچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی اور جو آڑہتی کمیشن میمو نہ دیں ان کے لائسنس فوری کینسل کئے جائیں -انہوں نے کسانوں کو یقین دلایا کہ فصلوں کا پورا معاوضہ دلانے،کھادوں کی ملاوٹ کے خاتمے اور معیار ی بیج کی دستیابی کے لئے تینوں اضلاع کی ضلعی انتظامیہ بھر پور تعاون کرے گی- اجلاس میں کسان اتحاد کے رہنماؤں نے کسانوں کو درپیش مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور ان کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا تاکہ زراعت کو ترقی ڈی جا سکے۔ انھوں نے ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر غلام مصطفی کی کارکردگی کو سراہتے ھوئے مطالبہ کیا کہ محکمہ لائیو سٹاک جانوروں کی ویکسینیشن کا عمل تیز کرے-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں