25

مہنگائی ب،ے روز گاری اور بدامنی عروج پر ہے۔ میاں محمد اسلم

اسلام آباد(شاہدمحمود)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا کہ جب تک دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت نہیں آتی عوام کے مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھتے رہیں گے ۔عوام مہنگائی بے روز گاری اور بدامنی سے نجات چاہتے ہیں تو انہیں کرپٹ اور بدیانت لوگوں کی بجائے دیانتدار لوگوں کو منتخب کرنا ہوگا، انھوں نے کہا ملک میں مہنگائی ،بے روز گاری اور بدامنی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں ۔غریب فاقہ کشی پر مجبور ہے ،عام آدمی بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہے ،مجرم دندناتے پھرتے ہیں اور مظلوم انصاف کیلئے دھکے کھا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل سات پنڈ بیگوال کے دورے کے موقع پر معززین علاقہ سے ملاقات کر تے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر جمعیت اتحادالعلماءپنجاب کے صدر مولانا امیر عثمان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔میاں محمد اسلم نے کہا چہروں کی تبدیلی میں قوم کے 73سال ضائع ہوگئے ۔اب عوام کو نظام کی تبدیلی کیلئے اٹھنا ہوگا۔ظلم وجبر اور استحصالی نظام سے نجات حاصل کئے بغیر مثبت تبدیلی نہیں آئے گی، حکومت دوسال میں ہی اپنی مقبولیت کھو چکی ہے ۔مہنگائی بے روز گاری اور بدامنی عروج پر ہے ۔لوگ آٹے اور چینی کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں ۔عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں تو انہیں دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا،انھوں نے کہا غریب کے بچے کو تعلیم اور علاج کی سہولت نہیں جبکہ حکمرانوں سے ان کی دولت کے بارے میں کوئی نہیں پوچھ رہا کہ یہ کہاں سے آئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں