31

ساہیوال۔علاقائی کلچر کا فروغ، مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کی فلاح و بہبود آرٹس کونسلز کی بنیادی ذمہ داری ہے، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس محمد رضوان شریف

ساہیوال (مہر ریاض احمد سے)
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس محمد رضوان شریف نے کہا ہے کہ علاقائی کلچر کا فروغ، مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کی فلاح و بہبود آرٹس کونسلز کی بنیادی ذمہ داری ہے جس سے عہدہ برا ہونے کے لیے صوبائی حکومت مکمل تعاون کر رہی ہے۔ ساہیوال آرٹس کونسل نے مختصر مدت میں کلچر کے فروغ میں جو گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں وہ دوسرے ثقافتی اداروں کے لیے مشعل راہ ہیں۔جاری ترقیاتی منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے لیے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تا کہ باقی ماندہ ترقیاتی کام مقررہ مدت میں ختم ہو سکیں اور کونسل پھر سے اپنی ثقافتی سرگرمیاں شروع کر سکے۔ انہوں نے یہ بات ساہیوال آرٹس کونسل کے خصوصی دورے کے دوران کہی جس میں انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا – اس موقع پر محکمہ بلڈنگ کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے انہیں منصوبے پر بریفنگ دی اور بتایا کہ 8 کروڑ روپے کی لاگت سے جناح ہال میں جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کونسل کے قیام کے بعد پہلے 5سال کی کارکردگی کی بنیاد پر پنجاب حکومت نے ساہیوال آرٹس کونسل کو زیبائش و آرائش کے لیے خطیر رقم دی تاکہ خطہ ساہیوال کی تہذیب و ثقافت کے فروغ میں آرٹس کونسل اپنا سر گرم کردار جاری رکھ سکے۔ یاد رہے کہ کونسل کے زیر سایہ ہونے والی مختلف بین الاقوامی کانفرنسز کے انعقاد سے ملک کے ممتاز علمی و ادبی دانشوروں کو مقامی ثقافت سے روشناس ہونے کے مواقع فراہم ہوئے جبکہ بیرون ملک سے آنے والے مندوبین کو بھی خطے کی تہذیب سے آگہی ہوئی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد رضوان شریف نے ادب وثقافت کی سرگرمیوں کو معاشرے کی نمو اور بقا کے لئے ضروری قرار دیا اور کہا کہ ساہیوال آرٹس کونسل کو درکار تمام ضروری فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تا کہ ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں