44

ساہیوال۔صنعت کاروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے بغیر ملکی بر آمدات میں اضافہ ممکن نہیں،بر آمدات بڑھا کر ہی ملک میں روز گار کے مواقع اور ملکی معیشت میں بہتری لا ئی جا سکتی ہے ، سابق صوبائی وزیر میاں انجم نثار

ساہیوال (مہر ریاض احمد سے)
صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور سابق صوبائی وزیر میاں انجم نثار نے کہا ہے کہ صنعت کاروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے بغیر ملکی بر آمدات میں اضافہ ممکن نہیں،بر آمدات بڑھا کر ہی ملک میں روز گار کے مواقع اور ملکی معیشت میں بہتری لا ئی جا سکتی ہے -حکومت بجلی کے نرخوں میں کمی کرے تا کہ پاکستانی مصنوعات بیرونی منڈیوں میں مقابلہ کر سکیں -انہوں نے یہ بات ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دفتر کے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں صدر ساہیوال چیمبر شیخ فیصل اکرام،سینئر نائب صدر شیخ جاوید رشید اور نائب صدر شہزاد انجم انصاری کے علاوہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر میاں محمد علی،ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ڈاکٹر محمد ارشد اور ساہیوال چیمبر کے سابق صدور شیخ عظمت سلیم،رانا وسیم اختر،چوہدری ارشد حسین،شیخ محمد شہزاد،سہیل انجم انصاری اور چوہدری راشد حمید کے علاوہ چیمبر ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی -انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروبار کے لئے ساز گار ماحول کی فراہمی حکومت کی سب سے اہم ترجیح ہونی چاہیے جس پر موجودہ حکومت سنجیدگی سے کام کر رہی ہے – صنعت کاروں کے مطالبے پر ملک میں شر ح سود میں کمی کی گئی جس سے کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے -ضرورت اس امر کی ہے کہ صنعت کاروں اور کاروباری طبقات کو اعتماد میں لے کر مزید اقدامات اٹھائے جائیں تا کہ صنعت کا پہیہ چل سکے -میاں انجم نثار نے خطے میں صنعتوں کی ترقی اور روزگار کی فراہمی میں ساہیوال چیمبر کے کردار کو سراہا اور فیڈریشن کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا -انہو ں نے نئی عمارت کی تعمیر کے لئے 10لاکھ گرانٹ دینے کا بھی اعلان کیا -اس سے پہلے ساہیوا ل چیمبر کے صدر شیخ فیصل اکرام نے بتایا کہ ساہیوال میں نئی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ اورانڈسٹریل زون کا قیام اور موٹر وےسے ملانے کے لئے ایکسپریس وے کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے بغیر خطے میں صنعتی ترقی ممکن نہیں – ساہیوال چیمبر مقامی صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی اور انہیں صنعت لگانے کی ترغیب دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے تا کہ خطے سے بے روز گاری کا خاتمہ ہو اور علاقے میں خوشحالی آئے -بعد ازاں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے صدر میاں انجم نثار نے ساہیوال چیمبر کی نئی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں