49

ساہیوال۔امام حسین کی عظیم قربانی ہر مسلمان کے لئے ظلم،جبر اور نا انصافی کے خلاف ڈٹ جانے کا سبق ہے جس پر عمل کر کے ہی دین اور دنیا میں بھلائی حاصل کی جا سکتی ہے،کمشنر ساہیوال ڈویژن محمد احسن وحید

ساہیوال (مہر ریاض احمد سے)
کمشنر ساہیوال ڈویژن محمد احسن وحید نے کہا ہے کہ امام حسین کی عظیم قربانی ہر مسلمان کے لئے ظلم،جبر اور نا انصافی کے خلاف ڈٹ جانے کا سبق ہے جس پر عمل کر کے ہی دین اور دنیا میں بھلائی حاصل کی جا سکتی ہے،عاشورہ محرم فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور باہمی محبت قائم کرنے اور ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو کھلے دل سے تسلیم کرنے کا درس دیتا ہے،انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں عاشورہ محرم کے لئے کئے گئے انتظامی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی – انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات مہیا کی جائیں اور مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے -اجلاس میں بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں عاشورہ کے دوران 1749مجالس منعقد ہونگی اورذوالجناح کے 461جلوس نکالے جائیں گے جن میں ضلع ساہیوال میں 807مجالس اور 211جلوس،ضلع اوکاڑہ میں 639مجالس اور 176اجلاس اور ضلع پاکپتن میں 303مجالس اور 74جلوس شامل ہیں -کمشنر محمد احسن وحید نے ہدایت کی کہ ان مجالس اور ذوالجناح کے جلوسوں کے منتظمین سے قریبی رابطہ رکھا جائے اور کورونا وباء کے پیش نظر ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدر آمد بھی کرایا جائے -اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اٹھائے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ محکمہ صحت،بلدیہ،ایمرجنسی سروسز،سول ڈیفنس اور پولیس کے اہلکاروں کی تمام مجالس اور جلوسوں میں ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں اور شرکاء کے تحفظ کے لئے سکیورٹی پلان بھی مرتب کیا جا چکا ہے -کمشنر نے مجالس اور جلوسوں میں لنگر اور پانی کو چیک کرنے کے بعد تقسیم کرنے کی بھی ہدایت کی –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں