38

ساہیوال۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور سابق کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ 19جون بروز جمعہ ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج کی نئی راوی برانچ کے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

ساہیوال(بیورورپورٹ)
سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور سابق کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ 19جون بروز جمعہ ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج کی نئی راوی برانچ کے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ کامسیٹ یونیورسٹی ساہیوال سے متصل یہ کیمپس 10کروڑ روپے کی خطیر رقم سے 2سال میں تعمیر ہو گا جس سے موجودہ کیمپس پر داخلوں کا شدید دباؤ کم ہو گا -یہ بات ڈی پی ایس کے پرنسپل بریگیڈیئر ر(ر) سید انوارالحسن کرمانی نے ایک پریس ریلیز میں بتائی -انہو ں نے کہا کہ موجودہ کیمپس میں 8ہزار طلبا و طالبات 2شفٹوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں تاہم داخلوں کے شدید دباؤ کے سبب عرصہ دراز سے ڈی پی ایس کے ایک نئے کیمپس کی اشد ضرورت تھی -سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ کی ذاتی کوششوں سے پنجاب حکومت نے 14ایکٹر 2کنال زمین سالانہ لیز پر ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ کو الاٹ کر دی ہے جس پر کیمپس تعمیر کیا جائے گا – انہوں نے مزید بتایا کہ تقریب میں کمشنر ساہیوال ڈویژن احسن وحید اور ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید کے علاوہ بورڈ آف ریونیو کے سیکرٹری اور سابق ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو بھی شریک ہونگے –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں