37

ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل, فنڈز کا درست استعمال اور کام کا معیار ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات ہیں۔ڈپٹی کمشنر

ساہیوال( 63نیوز ساہیوال)ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل, فنڈز کا درست استعمال اور کام کے معیار کو برقرار رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات ہیں جس کے لئے زیر تکمیل منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہے ہے-عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے لئے جاری سالانہ ترقیاتی پروگرام پر کام کی رفتار بھی تیز کر دی گئی ہے جس سے ان منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جا ئے گا -انہو ں نے یہ بات تحصیل چیچہ وطنی میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی -ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو،ایکسین بلڈنگ ذوالفقار علی،ڈویژنل سپورٹس آفیسر عبد القیوم گجر اور اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی راجہ قاسم محبوب بھی ان کے ہمراہ تھے -انہو ں نے 16لاکھ روپے کی لاگت سے رائے علی نواز سٹیڈیم میں زیر تعمیر باسکٹ بال کورٹ میں موجود خامیوں پر ناراضگی کا اظہار کیا اور انہیں جلد دور کرنے کی ہدایت کی -انہو ں نے اوکانوالہ بنگلہ میں زیر تعمیر بوائز ڈگری کالج کی تعمیر میں لکڑی اور سینٹری کے ناقص استعمال اور پانی کی عدم دستیابی پر بھی شدید ناراضگی ظاہر کی اور محکمہ بلڈنگ کے افسران کی سرزنش کرتے ہوئے خامیوں کو جلد دور کرنے کو کہا جس کی تعمیر پر 10کروڑ52لاکھ روپے لاگت آئی ہے –
انہوں نے تعمیراتی خامیوں کے حوالے سے انکواری کے لئےکالج پرنسپل اور محکمہ بلڈنگ کے افسران کو اپنے دفتر طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ کالج کی تعمیر سے متعلق تمام دستاویز ہمراہ لائیں تا کہ انکوائری کا حکم دیا جائے -ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے اوکانوالہ بنگلہ میں ہی زیر تعمیر پولیس سٹیشن کے تعمیراتی کام کا بھی تفصیلی معائنہ کیا – ڈپٹی کمشنر نے گرلز کالج چیچہ وطنی میں نئے تعمیر ہونے والے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا معائنہ کیا اور پانی کی کوالٹی چیک کروانے کے لئے خود نمونے حاصل کر کے لیبارٹری بھجوائے-انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کو بھی ہدایت کی کہ وہ کالجز میں لگائے گئےواٹر فلٹریشن پلانٹس کے فلٹرز کو بھی باقاعدگی سے تبدیل کریں تا کہ طلبا و طالبات کو صاف پینے کا پانی مل سکے -ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے چیچہ وطنی اوور ہیڈ برج کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور اس کی مرمت جلد شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی -بعد ازاں انہو ں نے اے سی آفس میں سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے خصوصی اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں تحصیل چیچہ وطنی کےریونیو افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کی کارکردگی کا فردا فردا جائزہ لیا اور انہیں مالی سال کے باقی 15 دنوں میں تمام اہداف کو پورا کرنے کا حکم دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں