75

ایس او پیز کی خلاف ورزی، بہارہ کہو اور نیو آبپارہ مارکیٹ کو مکمل سیل کر دیا گیا

اسلام آباد (شاہدمحمود) وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائر س کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بھارہ کہو اور نیو آبپارہ مارکیٹ کو مکمل طور پر سیل کرتے ہوئے شہر بھر میں 83 دوکانیں سیل کی گئی ہیں، 22 انڈسٹریل یونٹس سیل کی گئی ہیں جبکہ 115 افراد اور 42 گاڑیوں کو جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بھارہ کہو بازار کا اچانک دورہ کیا جہاں پر ایس او پیز کی سنگین خلاف ورزی کی جا رہی تھی۔ ڈی سی اسلام آباد نے فوری طور پر مارکیٹ سیل کرنے کا حکم دے دیا جہاں پر بھارہ کہو بازار کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا، اسی طرح نیو آبپارہ مارکیٹ بھی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مکمل سیل کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کے بچاؤ کے لئے ایس او پیز جاری کئے گئے ہیں جن پر عمل درآمد کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ اس حوالے سے ٹائیگر فورس کی خدمات بھی لی جا رہی ہیں، ایس او پیز کی خلاف ورزی کی نشاندہی پر انتظامیہ کی ٹیمیں کارروائی کرتی ہیں جبکہ اے سی اور مجسٹریٹس خود بھی نظر رکھے ہوئے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والے دوکانداروں،ٹرانسپورٹرز اور یونٹس کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔ گزشتہ روز شہر بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے 115 افراد کو جرمانے کئے گئے، 83 دوکانیں سیل کی گئیں جبکہ 22 انڈسٹریل یونٹس کو سیل کیا گیا اسی طرح ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 42 گاڑیوں کو جرمانے کئے گئے ہیں۔ ڈی سی اسلام آباد نے کہا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر روزانہ کی بنیادوں پر کاررواائیاں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں