109

تیرے عشق نچایا تھیا تھیا۔ ڈاکٹر کی محبت میں گرفتارنرس کا اقدام خودکشی

ساہیوال تیرے عشق نچایا تھیا تھیا۔ ڈاکٹر کی محبت میں گرفتارنرس کا اقدام خودکشی۔
محبوب کی ڈانٹ سے دلبرداشتہ نرس نے کثیر مقدار میں خواب آور گولیاں کھالیں۔ ٹیچنگ ہسپتال میں معدے کی صفائی۔ محبوب ڈاکٹرمحکمہ صحت کا اعلیٰ ضلعی افسر موقعہ پر پہنچ گیا۔ نمناک آنکھوں سے محبوبہ کو تکتے ہوئے ڈاکٹروں کو ہدایات دیتا رہا۔ محبوب اور محبوبہ شادی شدہ اور کئی کئی بچوں کے ماں باپ ہیں۔کہتے ہیں عشق نہ پچھے ذات۔ یہاں ایک دوسرے کے عشق میں پاگل نرس اور ڈاکٹر اپنی عمر بھلا بیٹھے۔
ذرائع کے مطابق شہر کے نواحی علاقہ کے سرکاری ہسپتال میں تعینات نرس (س) اپنے محکمہ کے ضلعی افسر کی منظورِ نظر ہے جو اپنے ہسپتال کے ڈاکٹروں اور دیگر عملہ پر رعب ڈالنے اور شرطیں جیتنے کیلئے ضلعی اعلیٰ افسر صحت کے ذاتی موبائیل پر سب کے سامنے مس کال دیتی ہے جس کے چند لمحوں بعد محبوب کی کال آجاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق وقوعہ کے روز (س) جیسے ہی اعلیٰ ضلعی افسرکی رہائش گاہ میں خصوصی آرائش و زیبائش کے ساتھ گنگناتی ہوئی داخل ہوئی تو ڈاکٹر سے سامنا ہوگیا جس نے پریشانی کے حالت میں نرس (س) کی ڈانٹ ڈپٹ کرڈالی۔ اِسی اثناء میں ڈاکٹر کی بیگم بھی باہر نکل آئیں۔ صورتحال بگڑتی دیکھ کر ڈاکٹر نے (س) سے کہا کہ اگر آپ کو کوئی مسئلہ تھا تو دفتر آنا چاہئے تھا۔ محبوب کے رویے سے دلبرداشتہ نرس نے اپنی ایک رازداں کولیگ کے ہاتھ ڈاکٹر کو وصیت نما خط بھجواتے ہوئے خواب آور گولیاں کثیر مقدار میں نگل لیں جسے بیہوشی کی حالت میں ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کے الگ کمرہ میں فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے معدہ واش کردیا گیا۔ اعلیٰ ضلعی افسر صحت کی موجودگی اور دلچسپی کی بناء پر پولیس کو بھی اقدام خودکشی سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ہسپتال میں مریضہ نرس بارے خصوصی ہدایات کے تحت داخلے کا ریکارڈ بھی تیار نہیں کیا گیا۔ ڈاکٹروں، نرسوں، زیرِتربیت سٹوڈنٹس اور درجہ چہارم کے ملازمین کو خاموشی اختیار کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ چیف ایگزیکٹیو افسر ہیلتھ آفس کے ایک ذمہ دار افسر نے خاتون نرس کی اقدام خودکشی کی تصدیق کرتے ہوئے پس پردہ عوامل سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ گورنمنٹ ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال، گورنمنٹ تحصیل ٹیچنگ ہسپتال، ساہیوال میڈیکل کالج اور محکمہ صحت کے ڈویژنل اور ضلعی دفاتر میں عمروں اور مناصب کے تفاوت کے باوجود جذبات کی شدت بارے دلچسپ تبصرے جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں